دہلی۔غازی پور شاہراہ پر 11 ماہ سے کسانوں کا احتجاج جاری ہے جبکہ ان دنوں راستہ کھولنے کو لے کر معاملہ گرم ہے۔ سپریم کورٹ میں راستہ کھولنے کے لیے عرضی دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے بعد اترپردیش سرحد پر مظاہرہ کے مقام سے کسانوں نے تمبو کا پردہ اتارکر راستہ صاف کردیا ہے۔
کسان رہنما راکیش ٹکیٹ نے دہلی۔غازی پور بارڈر پر ’بیریکیڈ کی ذمہ داری مودی سرکار کی‘ اور’مودی سرکار راستہ کھولو‘ جیسے نعرے لکھ کر ماحول کو اور گرم کردیا ہے۔ راکیش ٹکیٹ نے خود ہرے رنگ کے پینٹ سے بیریکیڈ پر مذکورہ نعرے لکھے۔ ا ن کے ساتھ ساتھ دیگر کسانوں نے بھی بیریکیڈ پر نعرے تحریر کئے۔
راکیش ٹکیٹ نے کہا کہ شہر کے لوگوں کو ہورہی پریشانیوں کے لیے سرکار اور پولیس ذمہ دار ہیں کیونکہ راستہ کسانوں نے نہیں بلکہ انہوں نے بند کیا ہوا ہے۔ یوپی گیٹ پر کسانوں نے صرف پردہ لگایا تھا اب وہ پردہ بھی ہٹادیا گیا ہے لیکن پردے کے پیچھے حکومت بیٹھی ہے۔