نئی دہلی:پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی سیشن عدالت نے جمعہ کو آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو سنہ 2018 کے ایک قابل اعتراض مبینہ ٹویٹ کیس میں ضمانت دے دی ہے۔ تاہم وہ ایک اور کیس کی وجہ سے جیل میں ہی رہیں گے۔ ایڈیشنل سیشن جج دیویندر کمار جنگلا نے زبیر کو 50,000 روپے کے ضمانتی مچلکے اور ایک ضمانت پر راحت دی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اس کی پیشگی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جائیں۔
اس سے قبل ایک مجسٹریٹ عدالت نے 2 جولائی کو ان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور ان کے خلاف جرائم کی نوعیت اور سنگینی کا حوالہ دیتے ہوئے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔ وہیں محمد زبیر کے وکیل نے کہا تھا کہ زبیر کے جس ٹوئٹ کو لے کر ایف آئی آر درج کی گئی ہے وہ سنہ 1983 میں بنی فلم 'کسی سے نہ کہنا' سے لی گئی ہے، 2 جولائی کو دہلی میں درج ایف آئی آر کے معاملے پر پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے چیف میٹروپولین مجسٹریٹ سنیگدھا سروریہ نے زبیر کی عرضی کو خارج کردیا تھا، زبیر کو 27 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔
محمد زبیر پر مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو بھڑکانے کا الزام ہے،وہیں دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے زبیر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی، 201 اور ایف سی آر اے کی دفعہ 35 کی دفعات کو بھی شامل کیا ہے۔ زبیر کے خلاف اتر پردیش کے سیتا پور میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر تین سنتوں کو ہیٹ مانگر کے طور پر ٹویٹ کرنے کے معاملے میں درج کی گئی ہے۔ سیتا پور میں درج ایف آئی آر کے معاملے میں سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو زبیر کو اگلے احکامات تک عبوری ضمانت دی تھی۔ سیتا پور کے علاوہ یوپی میں زبیر کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
محمد زبیر نے 14 جولائی کو سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی جس میں ان چھ ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جو ان کے خلاف اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں مبینہ طور پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں درج کی گئی تھیں۔ انہوں نے ہر کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست بھی کی۔ یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی جب زبیر کو اتر پردیش کے ہاتھرس کی ایک عدالت نے 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں رکھا تھا۔ زبیر کو تہاڑ جیل سے دہلی پولیس کے ایک دستہ کے ساتھ ہاتھرس کی عدالت میں لے جایا گیا اور پھر عدالت کی سماعت کے بعد واپس لایا گیا۔