اردو

urdu

ETV Bharat / state

Solidarity with Palestine فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا انعقاد - بھارتی عوام ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ ہیں

دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں عرب ممالک کے تمام سفیروں نے شرکت کی۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By

Published : May 16, 2023, 11:13 AM IST

فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا انعقاد

دہلی: دارالحکومت دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بھارت فلسطین فرینڈشپ فورم کے بینر تلے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عرب ممالک کے تمام سفیروں نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کیا۔ اس تقریب میں آر جے ڈی کے ممبر آف پارلیمنٹ منوج کمار جھا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے بھارت ایک دوست ملک ہے حکومت چاہے فلسطین کی بجائے آج اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے میں مصروف ہے لیکن بھارتی عوام ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فلسطین مختلف محاذ پر اکیلے لڑھ رہا ہے ہمیں صرف 15 مئی کو ہی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمیں روزانہ فلسطینی عوام کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ اس ظلم و جبر کی لڑائی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ پروفیسر اپوروانند نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ یہ بتاتی ہے کہ ایک وقت تھا جب تمام عرب ممالک فسلطینی عوام کے ساتھ تھے لیکن موجودہ دور میں عرب ممالک بھی اسرائیل حکومت کے ساتھ اپنے رشتہ استوار کرنے میں مصروف ہو چکے ہیں۔ اب فلسطینی عوام کو نہیں معلوم کہ وہ کس طرح اس لڑائی کو لڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے آج تمام ممالک یوکرین کے ساتھ اس جنگ میں ساتھ دے رہے ہیں اور اسے اکیلا نہیں چھوڑ رہے فلسطینی عوام کو بھی اسی ساتھ کی ضرورت ہے۔

فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا انعقاد

وہیں سابق ممبر آف پارلیمنٹ کے سی تیاگی نے کہا کہ جب اسرائیل نے فلسطین میں اپنے ناپاک قدم رکھے اور اسرائیل کے قیام کا اعلان کیا تو تب عرب ممالک کے بعد بھارت پہلا ملک تھا جس نے اسرائیل کے دعوے کو نکارتے ہوئے فلسطین کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف بھارتی عوام آزادی کے 75 برس مکمل ہونے پر امرت کال منا رہے ہیں وہیں فلسطین پر اسرائیلی قبضہ کو بھی آج 75 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری عالمی جنگ سے قبل اسرائیل کا کوئی نام و نشان بھی نہیں تھا۔ مسجد فتح پوری کے شاہی امام مفتی مکرم احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے فلسطینی عوام اور مسجد الاقصی کو اکیلا چھوڑ دیا ہے جس کے سبب اب اسرائیل فلسطینی عوام پر ظلم و زیادتی کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور اس سب پر نہ تو حقوق انسانی کچھ بول رہا ہے اور نہ ہی عالم اسلام سے کوئی آواز اٹھ رہی ہے اس لیے ہمیں فلسطینی عوام کے لیے اور مسجد الاقصی کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: Iranian Ambassador to India on Palestine القدس کا مسئلہ نہ صرف اسلامی بلکہ عالمی اور انسانی مسئلہ ہے، ایرانی سفیر

ABOUT THE AUTHOR

...view details