انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹاف کا خیال ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں ساری آسٹریلوی ٹیم شامل تھی لیکن اس وقت کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے اپنی ٹیم کو اس کلنک سے بچانے کے ذمہ داری خود لے لی تھی۔
کپتان اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور اوپنر کیمرون بین كرافٹ کو كیپ ٹاؤن کے تیسرے ٹیسٹ میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کا مجرم پایا گیا تھا, اور ان پر پابندی لگا دی گئی تھی ۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے میں اپنی انکوائری کے بعد اسمتھ اور وارنر پر ایک ایک سال اور بین كرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی تھی ۔
اسمتھ کو ساتھ ہی دو سال کے لئے کپتانی کرنے سے بھی منع کر دیا گیا تھا جبکہ وارنر کو کپتانی سے زندگی بھر کے لئے محروم کیا گیا تھا۔ اسمتھ اور وارنر ایک سال کی پابندی مکمل کر کے گزشتہ سال ورلڈ کپ کے وقت قومی ٹیم میں لوٹ آئے جبکہ بین كرافٹ انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کا حصہ تھے جو ورلڈ کپ کے بعد کھیلی گئی تھی۔