دہلی: سنہ 1947 میں بھارت اور پاکستان کی تقسیم کے دوران الگ ہونے والے دو بھائیوں میں سے ایک محمد صدیقی کا تین دن قبل پاکستان میں انتقال ہوگیا ہے۔ پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ کے سِکا خان اور پاکستان کے محمد صدیقی سال 2022 میں 75 سال کی عمر میں ملاقات ہوئی جس کے بعد وہ سرخیوں میں آئے۔ اب معلوم ہوا ہے کہ تین روز قبل بڑے بھائی صدیقی پاکستان میں اپنے گاؤں میں انتقال کر گئے۔
اپنے بڑے بھائی کی موت سے غمزدہ سِکا خان اب پاکستان جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے صدیقی کے خاندان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب سِکا خان ویزا اپلائی کرنے کے لیے نئی دہلی جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سِکا خان اور محمد صدیقی سال 1947 میں بھارت اور پاکستان کی تقسیم کے دوران الگ ہوگئے تھے۔
بھارت پاکستان کی تقسیم سے قبل صدیقی کے والد پاکستان میں رہتے تھے، صدیقی کی عمر تقسیم کے وقت صرف 6 سال تھی۔ سِکا اپنی ماں کے ساتھ پنجاب (بھارت) میں رہتے تھے۔ تقسیم کے بعد صدیقی پاکستان میں اپنے والد کے ساتھ رہنے لگے، جبکہ سِکا کی والدہ اپنے والد کے ساتھ رہنے کے لیے پاکستان چلی گئیں۔ ان کے والد کام کے سلسلے میں غیر منقسم پاکستان میں مقیم تھے۔