نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا کہ اسکولوں میں تعلیم کی بہتری کے لیے چھوٹی چھوٹی باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی، کیونکہ یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ ہفتہ کو اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (ایس سی ای آر ٹی) کے زیر اہتمام 'جیون ودیا شیویر' سے خطاب کرتے ہوئے سسودیا نے کہا کہ جیون ودیا شیویر کے اگلے پانچ دن بہت اہم ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام تعلیم میں بہت اچھی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن اس میں اب بھی بہت سی خامیاں موجود ہیں۔ ہمیں اسکولوں میں تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے چھوٹی چھوٹی باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہوگی کیونکہ چھوٹی خامیاں ہی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ 28 جنوری سے یکم فروری تک چلنے والے اس پانچ روزہ کیمپ میں دہلی کے سرکاری اسکولوں کے 4000 اساتذہ حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ کیمپ کیوں لگایا جا رہا ہے؟ اس کی ہمارے اساتذہ یعنی ہمارے محکمہ تعلیم کو کیا ضرورت ہے؟ ہمیں اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بچوں میں کچھ پیشہ ورانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ انسان کی حیثیت سے ان میں جو صلاحیتیں ہونی چاہئیں وہ بھی پیدا ہوں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے اداروں سے بہترین پیشہ ور افراد تیار کر رہے ہیں۔ اساتذہ کی محنت کی وجہ سے دہلی کے سرکاری اسکولوں کے بچے آئی آئی ٹی میں جارہے ہیں ڈاکٹر بن رہے ہیں۔