نئی دہلی: جامعہ ہمدرد میں 'اتحاد برائے معاشی و تعلیمی ترقی' کے عنوان پر 2 روزہ ایجوکیشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے ماہرین تعلیم اور دانشوروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا نے تعلیمی اداروں کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے، بہترین اور اعلیٰ کوالٹی کی ٹیچنگ فراہم کرنے اور دور حاضر کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اسکول و کالجز کو تیار کرنے پر زور دیا۔ اس کانفرنس کے مہمان خصوصی سابق مرکزی وزیر کے رحمان خان نے الائنس فار اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈپولمینٹ آف انڈر پریویلیجڈ کے اشتراک سے منعقد کانفرنس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 'تعلیمی میدان چیلنج سے بھرا ہوا ہے، اس لیے اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی معیار بلند کرنے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ Alliance for Economic and Educational Development of the Underprivileged
موجودہ تعلیمی صورتحال پر کانفرنس اتحاد برائے معاشی وتعلیمی ترقی (اے ای ای ڈی یو) کے صدر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ موجودہ وقت میں جس طرح سے تعلیمی میدان میں ملت کے افراد پچھڑ رہے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے اسکولوں، کالجوں اور مدرسوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ کانفرنس اسی مقصدکی ایک کڑی ہے۔ سابق الیکشن کمشنر آف انڈیا ایس وائی قریشی نے کہا کہ بہار اور مغربی بنگال میں تعلیم میں کافی گراوٹ ہے، اسی طرح ملک بھر کے اسکول و کالج کے ٹیچرز کی کارکردگی کافی مایوس کن ہے۔ انہوں نے تعلیمی معیار بلند کرنے پر زور دیا۔
معروف صحافی اور نئی دنیا کے ایڈیٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ملک و ملت کی ہر ممکن رہنمائی کرنا، تعلیمی ،معاشی اور سماجی حالات عمدہ بنانے کے لئے بہتر راستے تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اے ای ای ڈی یو مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان پُل کا م کرے گا اور ان کے اساتذہ و طلباء کو ایک دوسرے کی مدد کرنے اور تعلیمی معیار بلند کے راستے فراہم کرے گا۔
جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر افشار عالم نے اس پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اس کی شدید ضرورت تھی۔ جامعہ ہمدرد اس کا بھر پور سپورٹ کے لئے تیار ہے۔ ان کے علاوہ دہلی سابق لیفٹیننٹ گورنر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق وائس چانسلر نجیب جنگ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس کی بھر پور ستائش کی۔
اس پروگرام میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، پی اے انعامدار (پونہ)، ظہیر قاضی (چیئرمین، انجمن اسلام)، پروفیسر گلزار (علی گڑھ یونیورسٹی)، مولانا حذیفہ وستانوی( جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کنواں گجرات)، سعید شیروانی، فرحت جمال (ممبئی)، مطیع الرحمان ( چیئرمین توحید ایوکیشنل ٹرسٹ کشن گنج بہار)، محترمہ خیر النساء (ایگزکٹیو ڈائریکٹر ورلڈ ٹریڈ سینٹر انڈیا سروس کونسل)، ڈاکٹر سید ظفر محمود (زکوۃ فاؤنڈیشن)، پروفیسر محبو ب الاسلام (میگھالیہ سائنس یونیورسٹی)، پروفیسر اقبال حسنین (سابق وائس چانسلر کالی کٹ یونیورسٹی)، ڈاکٹر دنیش سنگھ (سابق وائس چانسلر دہلی یونیورسٹی) کے علاوہ ملک بھر سے بڑے بڑے ماہرین تعلیم اور دانشوروں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔