نئی دہلی: بھارت میں بی بی سی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق بے ضابطگیوں کی شکایت درج کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بی بی سی کے ادارتی اور انتظامی محکموں کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ایجنسی کی جانب سے بی بی سی انڈیا سے دستاویزات طلب کیے گئے ہیں۔ فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی دفعات کے تحت بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے اس سے قبل بی بی سی کے دفاتر پر ایک سروے کیا تھا جس کے بعد ای ڈی نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ بی بی سی کو سمن بھی بھیجے گئے تھے۔
غور طلب ہے کہ فروری میں انکم ٹیکس حکام نے بی بی سی کے نئی دہلی اور ممبئی کے دفاتر میں تلاشی کی کارروائیاں کی تھیں۔ اس سے پہلے سوشل میڈیا پر متنازع دستاویزی فلم سے منسلک یوٹیوب ویڈیوز اور ٹویٹر پوسٹس کو بلاک کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔ درحقیقت حکومت نے ٹویٹر کو دستاویزی فلم کے لنکس کے ساتھ 50 سے زیادہ ٹویٹس کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔