نئی دہلی: دہلی این سی آر سمیت پورے شمالی بھارت میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ دہلی-این سی آر کے علاوہ اتر پردیش، اتراکھنڈ، بہار، راجستھان میں بھی لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ہیں۔ زلزلے کا وقت تقریباً ایک بج کر 57 منٹ پر بتایا جا رہا ہے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.3 بتائی گئی ہے۔ ابھی تک پورے شمالی بھارت میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ Earthquake Tremors Across in Delhi NCR
اس زلزلہ کا مرکز نیپال میں زمین سے تقریباً 10 کلومیٹر نیچے تھا۔ اس زلزلے کا اثر چین تک محسوس کیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور خالی میدانوں اور سڑکوں پر جمع ہوگئے۔ لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھا گیا۔ جب زلزلہ آیا تو زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔ جن کو پتا چلا وہ فوراً گھر سے نکل گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق اس زلزلے کا مرکز نیپال میں تھا۔ Earthquake hits Nepal
نیپال کے ڈوتی ضلع میں 6.6 شدت کے زلزلے کے بعد کم از کم چھ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ نیپال کے قومی زلزلہ مرکز (این ایس سی) نے کہا کہ نیپال کے مغربی علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ این ایس سی کے اعداد و شمار کے مطابق، منگل کو رات 9:07 (مقامی وقت) پر 5.7 کی شدت کا پہلا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کے بعد 9:56 (مقامی وقت) پر 4.1 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ ڈوتی ضلع کے پوربیچوکی گاؤں کے پریشد-03 کے صدر رام پرساد اپادھیائے نے بتایا کہ کل دیر رات بھی 6.6 شدت کا تیسرا زوردار جھٹکا آیا، جس کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہونے سے 6 لوگوں کی موت ہو گئی۔