دہلی کو بائیس خواجہ کی چوکھٹ اور دار الاولیاء ہونے کا شرف حاصل ہے۔ یہ وہی بابرکت سر زمین ہے جہاں قطب الاقطاب حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکیؒ اپنے مرشد سلطان الہند خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیریؒ کے حکم پر سکونت فرمائی اور یہیں حضرت قطب صاحب کے لاڈلے خلیفہ شیخ العالم حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ نے اپنے محبوب خلیفہ محبوب الٰہی سلطان المشائخ حضرت نظام الدینؒ اولیاءؒ کو خلافت سے سرفراز فرمایا۔
اسی سرزمین پر حضرت قاضی حمید الدین ناگوریؒ، قاری حضرت خواجہ بدرالدین غزنویؒ، حضرت نصیر الدین چراغؒ دہلی کے علاوہ متعدد خواجگان اس سرزمین پر آرام فرما رہے ہیں۔ تاہم گزشتہ ایک برس سے کورونا وائرس نہ صرف قومی دارالحکومت دہلی بلکہ ملک اور دنیا بھر میں ستم ڈھا رہا ہے۔
اسی لیے درگاہوں پر بھی کورونا وائرس کے سبب متعدد پابندیاں عائد ہیں۔ ان پابندیوں کے باعث زائرین کی تعداد میں غیر معمولی کمی آئی ہے۔ البتہ اس مہلک وبا کے خاتمہ کے لیے صبح و شام خواجہ قطب الدین بختیار کاکیؒ کی درگاہ میں دعاؤں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔