اردو

urdu

ETV Bharat / state

'شمال مشرق کی بیشتر ریاستوں کی صورتحال حوصلہ افزا'

مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے شمال مشرقی ریاستوں میں کورونا وائرس کے کم واقعات کے پیش نظر ان ریاستوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ان ریاستوں کے بیشتر اضلاع اور علاقے گرین زون میں نظر آتے ہیں یہ کافی راحت بخش اور حوصلہ افزا ہے۔

dr harshvardhan
مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن

By

Published : May 9, 2020, 9:11 PM IST

ڈاکٹر ہرش وردھن نے ویڈیو کانفرنسنگ میں وزیر صحت اور شمال مشرقی ریاستوں اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، سکم اور تریپورہ کے دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ میں کہا کہ صرف آسام اور تریپورہ میں ہی کورونا وائرس کے معاملے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کے دوسرے حصے گرین زون میں ہیں۔



انہوں نے کورونا وائرس سے لڑنے میں ان ریاستوں کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ جن ریاستوں کے ضلع اورینج زون میں ہیں انہیں اب گرین زون میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔

مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن



شمال مشرقی ریاستوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ جانچ کی سہولیات، نگرانی، رابطے کے ذرائع اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر کورونا وائرس سے کامیابی کے ساتھ جیتا جاسکتا ہے اور بھارت نے بروقت جو تیاریاں کی تھیں ان کی وجہ سے بھارت کسی بھی طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔



انہوں نے کہا کہ اس سطح کو برقرار رکھنے کے لیے، شمال مشرقی ریاستوں کو اب ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے تارکین وطن مزدوروں، طلباء اور لوگوں کی مکمل جانچ اور گھر یا ادارہ جاتی قرنطینہ کو یقینی بنانے پر توجہ دینی ہوگی۔ وزارت صحت اور وزارت خارجہ کے رہنما خطوط پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زیر علاج مریضوں کے لیے نظرثانی شدہ رہنما خطوط جاری کردی گئی ہیں اور تمام ریاستوں کو ان پر عمل کرنا ہوگا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details