نئی دہلی:دہلی کے متھرا روڈ پر واقع دہلی پبلک اسکول ( ڈی پی ایس ) میں بدھ کی صبح اس وقت ہلچل مچ گئی جب اسکول میں بم کی اطلاع ملی۔ بم کی اطلاع کے بعد اسکول کے احاطے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ بم اسکواڈ کی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ دہلی فائر سروس نے بتایا کہ ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ اس اطلاع کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر اسکول کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کی ٹیم بم اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی ہے۔
ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ راجیش دیو نے بتایا کہ اسکول کے احاطے میں ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے اور نہ ہی کوئی خطرہ ہے۔ حالات نارمل ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ، ڈاگ سکواڈ اور سوات ٹیم اسکول کی عمارتوں کو سینیٹائز کر رہی ہے۔ بتادیں کہ چند روز قبل دہلی کے صادق نگر میں واقع ایک اسکول کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد خالی کرا لیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اسکول انتظامیہ کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا تھا۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ اسکول میں ایک بم ہے۔ اطلاع ملتے ہی اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو بلایا اور بچوں کو اسکول سے باہر نکالا ۔ پولیس کو اب تک کی تفتیش میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔