حال ہی میں سوشل میڈیا پر شروع ہوئے کلب ہاؤس کی ویب سائٹ سے متعلق دہلی اقلیتی کمیشن نے دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانا کو نوٹس جاری کرکے اس معاملہ میں مکمل معلومات طلب کی ہیں۔
کلب ہاؤس ایپلیکیشن پر مسلم خواتین کے لیے نازیبا زبان کا استعمال اور غیرمہذب تبصرے کی خبریں سامنے آنے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کاروای کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس میں پیش رفت کرتے ہوئے دہلی خواتین کمیشن نے پہلے ہی نوٹس جاری کردیا تھا تاہم اب دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے بھی از خود نوٹس لیتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانا کو نوٹس جاری کی ہے۔
اس موقع پر دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان نے کہا کہ مسلسل مسلم خواتین کے خلاف سوشل سائٹس پر مسلسل غیر مہذب اور قابل اعتراض باتیں کی جا رہی ہیں۔ اس طرح کی وارداتوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا ہے۔