قومی دارالحکومت دہلی میں اب کورونا کے ساتھ ڈینگی نے بھی دستک دے دی ہے۔
رواں سال اب تک ڈینگی کے 78 واقعات درج کیے جا چکے ہیں جس میں گزشتہ 7 دنوں میں 28 واقعات درج کیے گئے ہیں جس کے بعد محکمہ صحت کی بےچینی بڑھ گئی ہے۔
ایک طرف جہاں دہلی میں کورونا انفیکشن کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تو وہیں اب ڈینگی کے بڑھتے مریضوں نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
دہلی کی میونسپل کارپوریشنوں کے مطابق 'دہلی میں بارش کے بعد ڈینگی اور ملیریا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 7 دنوں کے دوران 28 نئے واقعات درج کیے گئے ہیں۔'
کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ 'بارش کی وجہ سے ڈینگی اور چکن گنیا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید نئے کیسز سامنے آسکتے ہیں۔'
وہیں دہلی میں کورونا کے دو مریضوں میں ڈینگی پایا گیا ہے۔ دہلی کے نجی اسپتال میں داخل ایک مریض کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ وہیں دوسرے مریض کا دہلی کے ایمس میں علاج جاری ہے۔
کورونا اور ڈینگی جیسی ملتی جلتی علامات کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کووڈ 19 انفیکشن کے لئے ویکسین بنانے کا دعویٰ
دونوں بیماریوں میں بخار، جسم میں درد جیسی علامات دیکھی گئی ہیں۔ ایسی صورتحال میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ وہ کورونا کی جانچ کرائیں یا ڈینگی کی جانچ کرائیں۔