نئی دہلی: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے اتر پردیش میں لا قانونیت اور بد امنی کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے استعفیٰ اور ریاست میں صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے عتیق احمد اور ان کے بھائی محمد اشرف اور بیٹے اسعد کے دردناک قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا کہ یہ اقتدار کی سرپرستی میں ہو ئی دہشت گردی کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے اتر پردیش میں بڑھتی لاقانونیت، انارکی اور دن کی روشنی میں یو پی میں بڑھتی لا قانونیت اور قتل و غارت گیری کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ اتر پردیش میں جرائم کی رفتار میں اضافہ کا سبب ہے کہ مجرمین کو اقتدار کی سرپرستی اور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا اگر عتیق احمد جرائم میں ماخوذ تھا تو اس کو سزا دینے کے لئے ملک کا قانون اور عدالتی نظام موجود ہے۔ ہم ایک مہذب سماج میں رہتے ہیں نہ کہ جنگل راج میں۔ ہمیں ملک کے آئین اور قانون کی حکمرانی کا ہر حال میں احترام کر نا چاہیے۔