لاہور: ''بھارت نے کبھی بھی پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو نہیں روکا۔ ہم کاروباری تعلقات کو معمول پر لانے کے خواہاں ہیں اور اس جانب آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ بھارت ہمیشہ سے ہی پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے کیونکہ ہم اپنی جغرافیہ تبدیل نہیں کر سکتے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار پاکستان میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر سریش کمار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں خطاب کے دوران کیا۔
بھارتی سفارت کار نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کی سفارت کاری سیاحت، تجارت اور ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے کیونکہ ’’معیشت اپنی خود کی زبان بولتی ہے۔‘‘ سریش کمار نے دعویٰ کیا کہ کہ ’’ہم پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے پاکستان کے ساتھ تجارت بھی نہیں روکی، بلکہ پاکستان نے ایسا کیا تھا۔‘‘ سریش کمار کے مطابق ’’اب یہ دیکھنا بہتر ہوگا کہ ہم اپنے مسائل اور حالات کو کیسے بدل سکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانیوں کو جاری کیے گئے ویزوں کی تعداد میں کمی آئی۔ تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ اب اس تعداد میں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ ہر سال 30,000 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں ’’ایک بہت بڑی تعداد‘‘ ہے۔ کمار نے مزید کہا کہ ہندوستانی حکومت پاکستانیوں کو میڈیکل اور اسپورٹس ویزے بھی جاری کر رہی ہے۔