نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو ہریانہ کے ایم ایل اے گوپال کانڈا کو گیتیکا شرما خودکشی کیس میں بری کر دیا۔ راؤز ایونیو عدالت کے خصوصی جج وکاس ڈھل نے اس معاملے میں شریک ملزم ارونا چڈھا کو بھی بری کر دیا۔ جج نے دونوں ملزمان کو یہ کہتے ہوئے بری کر دیا کہ استغاثہ ان کے خلاف الزامات کی تصدیق کے لئے کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ سابق وزیر گوپال کانڈا فی الحال ہریانہ کی سرسا اسمبلی سیٹ سے ہریانہ لوک ہت پارٹی کے ایم ایل اے ہیں۔ وہ اسی پارٹی کے صدر بھی ہیں۔ گوپال کانڈا کی ایم ایل ڈی آر ایئرلائنس میں ایئرہوسٹس رہی 23 سالہ گیتیکا نے 4 اگست 2012 میں خودکشی کر لی تھی۔
موت سے پہلے لکھے گئے خط میں گیتیکا نے کانڈا اور ارونا چڈھا پر اسے ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ وہ 5 اگست کو شمال مغربی دہلی کے اشوک وہار میں مردہ پائی گئی تھیں۔ گیتیکا کو گوپال کانڈا کی ایک کمپنی میں ڈائریکٹر بھی بنایا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ گیتیکا خودکشی کیس کے وقت گوپال کانڈا ہریانہ کی ہڈا حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔ گوپال کانڈا نے آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر ہڈا حکومت کی حمایت کی، بدلے میں انہیں ہڈا حکومت میں وزیر داخلہ کا عہدہ ملا۔ گیتیکا خودکشی کیس میں نام آنے کے بعد گوپال کو اپنا وزارتی عہدہ چھوڑنا پڑا اور 18 ماہ تک تہاڑ جیل میں رہنا پڑا۔ اس کے بعد ضمانت مل گئی۔