نئی دہلی: دہلی بہترین پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے زمرے میں 35ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اولیور وائمن فورم نے دنیا کے 40 ممالک کے ٹریفک نظام کی فہرست جاری کردی۔ دہلی ہندوستان کا واحد شہر ہے جو اس میں شامل ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کرکے دہلی کے لوگوں کو اس کے لیے مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے دو کروڑ لوگ محنت کر رہے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے میدان میں دہلی جلد ہی دنیا کے ٹاپ ٹین شہروں میں اپنا مقام حاصل کر لے گا۔ اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہانگ کانگ اور 40ویں نمبر پر ریو ڈی جنیرو کو شامل کیا گیا ہے۔
لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی پر فوکس: دہلی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں اب آخری میل کنیکٹیویٹی پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو پرائیویٹ گاڑیوں کا استعمال کم سے کم کرنا پڑے۔ اس کے لیے حکومت نے اس کا مطالعہ کرنے کے بعد آخری میل کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس بار دہلی کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ کیلاش گہلوت نے کہا تھا کہ دہلی کی تاریخ میں پہلی بار آخری میل کنیکٹیوٹی کو بڑھانے کے لیے آنے والے مالی سال میں محلہ بس اسکیم شروع کی جائے گی۔ اس کے تحت آلودگی سے پاک 9 میٹر چھوٹی بسیں چلائی جائیں گی۔ ان بسوں کا کرایہ کامن موبیلیٹی کارڈ کے ذریعے وصول کیا جائے گا۔