نئی دہلی:بی جے پی کے رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام لگا کر جنتر منتر پر احتجاج کر رہے پہلوانوں اور ان کے حامیوں کے خلاف درج مقدمات کو دہلی پولیس واپس لے گی۔ دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پولیس عدالت میں کینسلیشن رپورٹ داخل کرے گی۔ اس کے لیے دستاویزات تیار کی جا رہی ہیں۔
دہلی پولیس نے یہ فیصلہ پہلوانوں کے مطالبات کے پیش نظر لیا ہے۔ احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کے بعد ان تین شرائط پر اپنا مظاہرہ 15 جون تک ملتوی کر دیا، جس میں پہلی شرط 15 جون تک اس معاملے میں تحقیقاتی رپورٹ یا چارج شیٹ داخل کرنے کی تھی جسے پولیس نے پورا کیا۔ دوسری شرط یہ تھی کہ برج بھوشن شرن سنگھ یا ان کے خاندان کا کوئی فرد انڈین ریسلنگ فیڈریشن کا الیکشن نہ لڑے۔ یہ شرط بھی مان لی گئی۔ تیسری شرط 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مہیلا مہاپنچایت مارچ کے دوران جنتر منتر پر پولس اور احتجاج کرنے والے پہلوانوں اور ان کے حامیوں کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنا تھا اور یہ شرط بھی مان لی گئی ہے۔