کورونا وائرس کے سبب اور ٹریفک پولیس کی مستعدی کی وجہ سے ہولی کے موقع پر دہلی کی سڑکوں پر لوگ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے نظر آئے۔ وہیں جن لوگوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، ان کا چالان کیا گیا۔
اس برس ہولی کے دن کل 3282 گاڑیوں کا چالان ٹریفک پولیس نے کیا۔ ان میں سے 100 گاڑی چلانے والے ایسے ہیں جو شراب پی کر گاڑی چلا رہے تھے۔ سال 2020 میں ہولی کے دن شراب پی کر گاڑی چلانے والے 647 لوگ پکڑے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق کورونا کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں سے گھر میں رہ کر ہی تہوار منانے کی اپیل کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ لوگوں سے بھی کہا گیا تھا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ عوامی مقامات پر ہولی منانے پر پابندی عائد تھی۔ اس کے لئے دہلی کے مختلف علاقوں میں تین ہزار سے زیادہ ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے گیے تھے۔ ان کے ساتھ مقامی پولیس اور پی سی آر کی ٹیم بھی تھی تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔
دہلی ٹریفک پولیس کے مطابق، اس سال نشے میں ڈرائیوروں کی گرفتاری کے لئے 100 سے زیادہ ٹیمیں لگائی گئی تھیں۔ اس بار کورونا کی وجہ سے الکومیٹر سے جانچ نہیں کی گئی تھی۔