شدت پسندانہ حملے کی سازش ناکام کرنے کا پولیس کا دعوی - آئی ایس آئی
دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے آسام پولیس کے ہمراہ مل کر اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس آئی) سے متاثرہ شدت پسندی کے مشتبہ ماڈیول کا انکشاف کرتے ہوئے قومی دارالحکومت اور آسام میں شدت پسندانہ واردات کی ایک بڑی سازش کو ناکام کرنے کا دعوی کیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اس سلسلے میں آسام کے گوالپارہ کے رہائشی لوئٹ جمیل زمان ، مقدر اسلام اور رنجیت اسلام کو گرفتار کیا اور ان کے پاس سے طاقتور دھماکہ خیز آلات برآمد ہوئے ہیں ۔ ان مشتبہ لوگوں نے راس میلہ پردھماکہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ اس سازش کا بروقت پتہ لگانے کی وجہ سے متعدد افراد کو بچایا گیا کیونکہ اس میلے میں بڑی تعداد میں لوگ پہنچتے ہیں۔ ان تینوں کو اتوار کے روز گوالپاڑہ سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان سے پوچھ گچھ کے بعد دو اور ٹھکانے پر چھاپے مارے گئے جہاں سے مزید آئی ای ڈی مواد برآمد ہوا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو آئی ایس کے بنگلہ دیش ماڈیول نے تربیت دی ہے۔ اس کے پاس سے تلوار اور بٹن والا چاقو بھی برآمد ہوا ہے جس کا استعمال وہ میلے میں آنے والے لوگوں پر حملہ کرنے کے لیے کرنے والے تھے۔
دہلی پولیس کے خصوصی سیل کے مطابق ، تین سے چار نوجوانوں کو ایک بنیاد پرست گروہ کے طور پر شناخت کی گیا ہے ، جنہیں آئی ایس نے تربیت دی تھی۔ وہ شدت پسند حملہ کرنے کی سازش کر رہے تھے اور دہلی-قومی دارالحکومت کے علاقے میں حملے سے پہلے وہ آسام میں دھماکہ کرنا چاہتے تھے ۔
تفتیش کے دوران انکشافات کی بنیاد پر ، پولیس کی ایک ٹیم آسام کے کرشنائی گئی اور وہاں سے تقریبا ایک کلو دھماکہ خیز مواد اور آئی ای ڈی کے کل پرزے برآمد کر لئے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔