قومی دارالحکومت دہلی میں دہلی میٹرو کی یلو لائن سمیاپور بادلی۔ہڈا سٹی سینٹر اور گروگرام ریپڈ میٹرو کی خدمات 169 روز کے بعد سروس بحال کردی گئی ہیں۔ لیکن اس دوران صبح سات بجے سے دوپہر 11 بجے تک صرف 7500 مسافروں نے ہی سفر کیا۔
ڈی ایم آر سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسے مسافروں کی طرف سے مکمل تعاون ملا اور مسافروں نے سماجی فاصلہ اور حفظان صحت کے معیار پر مکمل عمل کیا۔
میٹرو سرویسز شام 4 بجے دوبارہ شروع کی جائیں گی اور یہ سروس رات 8 بجے تک دستیاب رہے گی۔
عالمی وبا کورونا کے خطرے کی وجہ سے احتیاط کے طور پر 22 مارچ سے میٹرو سرویسز بند کردی گئی تھیں۔ ڈی ایم آر سی نے کورونا وائرس کے انفیکشن کے پیش نظر اسٹیشن کے اندر صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کیے ہیں، حالانکہ صبح مسافروں کی زیادہ بھیڑ نہیں تھی اور زیادہ تر کوچوں میں مسافر کم تھے۔
دہلی پولیس کے جوان میٹرو اسٹیشنوں کے باہر تعینات تھے اور میٹرو اسٹیشن میں سی آئی ایس ایف کے حکام اور جوان پوری طرح سے چوکس نظر آئے۔