دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے نواب گنج میں دہلی میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جب تک غازی پور میں واقع مذبح خانے کو نہیں کھولا جاتا تب تک ایم سی ڈی کمشنر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے عارضی مذبح خانہ کھولنے کی اجازت دے تاکہ اس کاروبار سے منسلک افراد اپنے اہل خانہ کے لیے روزی روٹی کا بندوبست کر سکیں۔
نمائندہ ای ٹی وی بھارت نے دہلی میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر ارشد قریشی سے بات کی جس میں انہوں نے بتایا کہ غازی پور مذبح خانہ ایم سی ڈی کی کی وجہ سے بند ہوا ہے لیکن اس کا خمیازہ گوشت کے تاجروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ مذبح خانے کے اندر صفائی کا کام ایم سی ڈی کی ذمہ داری ہے اگر مذبح خانے کے اندر صفائی نہیں ہوپاتی ہے یا وہ این جی ٹی کی گائیڈ لائنز کو پورا نہیں کر پاتا ہے تو اس کی ذمہ دار صرف اور صرف ایم سی ڈی ہے۔