قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے دہلی حکومت نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کی میعاد میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس سے نہ صرف لوگوں کے کاروبار پر اثر پڑا ہے بلکہ حکومت کی آمدنی بھی متاثر ہوئی ہے۔
ان سب کے درمیان ائمہ حضرات گزشتہ 5 ماہ سے بغیر تنخواہ کے اپنا گزارا کر رہے ہیں۔ آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال اور لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو خط لکھا جس میں ائمہ کی تنخواہیں جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی نے کیجریوال کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ائمہ کی تنخواہ جاری کریں۔ اگر وہ ایسا نہیں کر سکتے تو وقف بورڈ کا نظام مسلمانوں کے حوالے کردیں جس طرح گرودوارہ سکھ پربندھک کمیٹی اپنا نظام چلاتی ہے۔ ویسے ہی مسلمان بھی خود اپنے اخراجات اٹھائیں گے۔
ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب جہاں کورونا وائرس نے سب کو معاشی طور پر پریشان کیا ہوا ہے۔ وہیں کیجریوال حکومت ائمہ کو 5 ماہ سے تنخواہ نہیں دے رہی ہے۔
ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی نے مزید کہا کہ ایک تو پہلے ہی ائمہ کی تنخواہ کم ہے اس پر ستم یہ کہ انہیں مہینوں تک تنخواہ کے لیے ترسنا پڑھتا ہے۔ انہوں نے ائمہ کی تنخواہ کو 18 ہزار سے بڑھاکر 50 ہزار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔