نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی ضمانت کی درخواست پر بدھ کو دہلی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سنجے سنگھ کی درخواست کی مخالفت کی۔ ای ڈی نے کہا کہ سنجے سنگھ عدالتی حراست میں ہیں، اس لیے سنجے سنگھ کی عرضی پر سماعت کا اب کوئی جواز نہیں ہے۔ ای ڈی نے اپنی دلیل میں مزید کہا کہ گرفتاری سے سنجے سنگھ کے کسی بنیادی حق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔
سنجے سنگھ پر رشوت کی رقم لینے کا براہ راست الزام ہے۔ ای ڈی کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سنجے سنگھ کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ آپ کو بتا دیں کہ اس سے قبل سنجے سنگھ کی درخواست پر 17 اکتوبر کو سماعت ہوئی تھی۔ سنجے نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ کا قانون جبر کا آلہ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی نے اس معاملے میں مجھے ایک بھی سمن جاری نہیں کیا۔ وہ 4 اکتوبر کو میرے گھر پہنچے، میری تلاشی لی اور اچانک مجھے گرفتار کر لیا۔