نئی دہلی: ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں دہلی حکومت کے سابق وزیر ستیندر جین کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جین کو گذشتہ سال 30 مئی کو منی لانڈرنگ میں ملوث چار دیگر ملزمان کے ساتھ مبینہ روابط رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کی وجہ سے عآپ لیڈر اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
جسٹس دنیش کمار شرما نے ای ڈی اور عام آدمی لیڈر کی طرف سے پیش ہونے والے وکلا کے دلائل سنے اور پھر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جین نے اپنی ضمانت کی درخواست میں کہا کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے اور وہ جانچ میں تعاون کرنے کے لیے سات بار ای ڈی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہیں قید میں رکھنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ کیس میں چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے۔