دہلی میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ، اب یہ کہہ رہے ہیں کہ کورونا کے ساتھ ساتھ ، ہمیں جینا بھی سیکھنا پڑے گا۔ ایسی صورتحال میں ، دہلی حکومت اپنے کام میں بڑی تبدیلی لانے والی ہے۔
کورونا وائرس کے انفیکشن کی روک تھام کے لئے جس طرح سے لاک ڈاؤن سے حکومت کو معاشی نقصان ہوا ہے، اب معاشی سرگرمیوں کو بھی پہلے کی طرح تیز کرنا پڑے گا۔
ایسی صورتحال میں سماجی دوری پر عمل پیرا ہونا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس کے پیش نظر دہلی حکومت اپنے دفاتر کے وقت میں تبدیلی لانے پر غور کر رہی ہے۔
دہلی حکومت کے تحت 42 محکمے براہ راست کام کرتے ہیں۔ اس میں قریب دو لاکھ افسر اور ملازمین کام کرتے ہیں۔ جس میں ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تعداد محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے ماتحت ہے۔ دہلی حکومت اپنے دفاتر میں اوقات کار کو تبدیل کرکے سماجی دوری کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کو جون سے تجربے کے طور پر نافذ کیا جاسکتا ہے۔ اس پر 15 دن تک کوشش کی جائے گی اور اگر سب کچھ بہتر ہوگا تو دفاتر کا وقت بدل جائے گا۔