نئی دہلی:سپریم کورٹ نے پیر کو عام آدمی پارٹی (عاپ) کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں دو الگ الگ باقاعدہ ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس ایس وی این بھٹی کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ آپ کو بتا دیں، بنچ نے 17 اکتوبر کو دونوں درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت چھ سے آٹھ ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اگر مقدمے کی سماعت سست رفتاری سے ہوتی ہے، تو سسودیا بعد کے مرحلے میں دوبارہ ضمانت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے 17 اکتوبر کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے کہا تھا کہ اگر دہلی کی ایکسائز پالیسی کو تبدیل کرنے کے لیے مبینہ طور پر دی گئی رشوت 'جرائم کی آمدنی' کا حصہ نہیں بنتی ہے، تو سسودیا کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت کرنا ایجنسی کے لیے مشکل ہو گا۔ سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 26 فروری کو سسودیا کو ایکسائز پالیسی بدعنوانی معاملہ میں ان کے مبینہ کردار کے لئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے سی بی آئی کی ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کیس میں 9 مارچ کو تہاڑ جیل میں پوچھ تاچھ کے بعد سسودیا کو گرفتار کیا تھا۔ سسودیا نے 28 فروری کو دہلی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے 30 مئی کو سی بی آئی کیس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نائب وزیر اعلیٰ اور ایکسائز منسٹر ہونے کے ناطے وہ 'بااثر' شخص ہیں اور گواہوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔