دہلی:قومی درالحکومت دہلی کی ایک عدالت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے منسلک ایک کیس کے سلسلے میں یو اے پی اے اور تعزیرات ہند کی سخت دفعات کے تحت دہلی پولیس کے ذریعہ گرفتار کیے گئے آٹھ افراد کو ضمانت دے دی ہے۔ دہلی پولیس نے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں انہیں گرفتار کیا تھا۔ اس دوران پولیس نے پی ایف آئی زندہ باد کے پمفلیٹس کے ساتھ پی ایف آئی کے کچھ جھنڈے بھی برآمد کیے تھے۔ Eight Accused Get Bail in PFI Case
عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ ملزمین پہلے ہی بالترتیب 3 اکتوبر 2022 اور 5 اکتوبر 2022 سے حراست میں ہے اور ان سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔ انہیں سلاخوں کے پیچھے رکھنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ایڈیشنل سیشن جج سنجے کھنگوال نے جاری کردہ ایک حکم میں شیخ گلفام حسین، عبداللہ، محمد شعیب، محسن خان، حبیب اصغر جمالی، عبدالرب، محمد وارث خان اور محمد شعیب کو 25 ہزار روپے کے ذاتی ضمانتی مچلکوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے دہلی پولیس کی تفتیش پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے افراد واضح نہیں ہیں اور دوسری طرف ان گاڑیوں کا رجسٹریشن نمبر بھی صاف نہیں ہے، جن میں انہیں زبردستی لیکر جایا جا رہا ہے۔ ان حالات کے پیش نظر اس ثبوت پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ اگرچہ یہ مقدمہ زیر سماعت ہے اور ملزمین کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں اپنا دفاع کرنے کی آزادی ہے پھر بھی، موجودہ درخواستوں کی سماعت کے دوران تیار کردہ مواد کو دیکھتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج پر ایسی کوئی رائے قائم نہیں کی جا سکتی ہے۔