نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سیلم پور کے رکن اسمبلی عبدالرحمان اور ان کی اہلیہ اسماء رحمان کو ایک اسکول کے پرنسپل کے ساتھ مارپیٹ کے معاملے میں راؤس ایونیو کورٹ نے مجرم قرار دیا ہے۔ یہ معاملہ 2009 کا ہے۔ عآپ ایم ایل اے عبدالرحمان اور ان کی اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے نہ صرف ہیڈ مسٹر رضیہ سلطان کے ساتھ مار پیٹ کی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ نازیبا الفاظ بھی کہے اور ساتھ ہی انہیں ڈیوٹی کرنے سے بھی روکا ۔
راؤس ایونیو کورٹ کے جج ہرجیت سنگھ جسپال نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ان دونوں نے ایک مشترکہ مقصد سے ایک سرکاری اسکول کی پرنسپل کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں سرکاری کام کرنے سے بھی روکا۔ عدالت نے دونوں کو آئی پی سی کی دفعہ 353، 506 اور 34 کے تحت قصوروار پایا ہے۔ اسماء کو بھی دفعہ 332 کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔ بتا دیں کہ واقعے کے ایک دن بعد مذکورہ کیس میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی، یہاں تک کہ ایک عینی شاہد نے بھی بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔ اس میں کوئی میڈیکو لیگل کیس یعنی ایم ایل سی نہیں تھا۔ یہ واقعہ 4 فروری 2009 کو پیش آیا۔ اس معاملے میں ایک دن بعد 5 فروری کو مقدمہ درج کیا گیا۔