مرکزی اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہوئے انیل کمار چودھری نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ دہلی کی عوام دونوں حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پریشان ہے۔ نہ ہی ان کا علاج ہو رہا ہے اور نہ ہی وہ ہسپتال میں ٹیسٹ کرا پارہے ہیں۔ جس کی وجہ سے دہلی کانگریس دھرنے پر بیٹھنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہلی حکومت کو کہا تھا یا تو آپ سڑکوں پر نکل کر لوگوں کی مدد کریں ورنہ ہم سڑکوں پر آجائیں گے۔
دہلی: مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف کانگریس کا احتجاج - Congress protest
دہلی میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے واقعات اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ناکامی کی وجہ سے دہلی پردیش کانگریس کارکنوں نے آج دہلی میں 1000 مقامات پر دھرنا دیا۔ ریاستی صدر انیل چوہدری دہلی پردیش کانگریس ہیڈ کوارٹر پر ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر بیٹھے تھے۔

ارویند کیجریوال کے سوریہ ہوٹل کے دورے کے سوال پر انیل چودھری نے کہا کہ میں آپ سے اس بارے میں معلومات حاصل کر رہا ہوں۔ اگر وزیر اعلی ہوٹل کا معائنہ کرنے جارہے ہیں تو اچھی بات ہے۔ میرے خیال میں ہمارا دھرنا موثٔر ثابت ہو رہا ہے۔ وزیر اعلی کو نہ صرف ہوٹل بلکہ عام لوگوں سے بھی ملاقات کرنی چاہئے اور علاقے کے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جانی چاہئے جو کورونا سے زیادہ متاثر ہیں۔
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی صحت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں، انیل کمار چودھری نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ ستیندر جین جلد صحت یاب ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ ان کی کورونا رپورٹ منفی آئے اور وہ جلد ہی ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد دہلی کی عوام کی خدمت کریں۔