ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر تشدد کے واقعات کے خلاف دہلی پردیش کانگریس نے دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس کارکنان نے احتجاج کے دوران بی جے پی ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ کیا۔
لکھیم پور کھیری معاملہ: دہلی پردیش کانگریس کا مظاہرہ، وزیر اعظم کا پُتلا نذر آتش اس دوران دہلی پردیش کانگریس اور ویمن ونگ سمیت مختلف ریاستوں کے کانگریس کارکنان دین دیال اپادھیائے مارگ سے ہوتے ہوئے بی جے پی ہیڈ کوارٹر کی جانب روانہ ہوئے۔
حالانکہ تمام مظاہرین کو پولیس انتظامیہ نے ڈی ڈی یو مارگ کے قریب رنجیت سنگھ فلائی اوور کے نیچے روک دیا، اس دوران کانگریس کارکنان اور پولیس انتظامیہ کے درمیان بحث بھی ہوئی۔ جب مظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے انہیں روک لیا۔
مظاہرین نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے اور دوسری طرف وزیر اعظم مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور لکھیم پور کھیری تشدد معاملے پر فوراً ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران دہلی پولیس اور سی آر پی اہلکار کافی تعداد میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:لکھیم پور کھیری: کسانوں اور بی جے پی کارکنان میں جھڑپ، 8 ہلاک
واضح رہے کہ لکھیم پور کھیری میں اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کے دورہ کے دوران احتجاجی کسانوں پر بی جے پی کارکنان کی گاڑی چڑھنے سے حالات پرتشدد ہوگئے اور اس دوران 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
وہیں کانگریس کی سینیئر رہنما پرینکا گاندھی کو لکھیم پور کھیری جانے کے دوران حراست میں لیا گیا جس کے بعد کانگریسی کارکنان میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے۔