کورونا وائرس کے سنگاپور ویرینٔٹ کے حوالہ سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کے ٹویٹ سے ناراض سنگاپور کو آج بھارت نے واضح کیا ہے کہ کووڈ کے ویریئنٹ اور شہری ہوا بازی کی پالیسی کے بارے میں باضابطہ طور پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کچھ بھی کہنے کے اہل نہیں ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے یہاں ٹویٹر پر مطلع کیا کہ سنگاپور حکومت نے بھارت کے ہائی کمشنر پی کمار کو طلب کیا اور دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال کے اس ٹویٹ پر سخت اعتراض کیا جس میں انہوں نے سنگاپور ویریئنٹ کے بارے کہا۔
باگچی نے کہا کہ ہائی کمشنر نے سنگاپور حکومت کو بتایا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کووڈ کی مختلف اقسام اور شہری ہوا بازی کی پالیسی کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔
سنگاپور کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ 'فیس بک' اور 'ٹویٹر' پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سنگاپور میں کورونا وائرس کا ایک ویریئنٹ پایا گیا ہے جو بچوں کے لئے نقصاندہ ہے اور وہ بھارت میں تیسری لہر کا باعث بن سکتا ہے، بے بنیاد ہے اور بد بختانہ ہے۔