نئی دہلی: دہلی نے آج ہندوستان کی الیکٹرک وہیکل ( ای وی) کیپٹل بننے کی طرف ایک اور اہم قدم بڑھایا ہے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اندرا پرستھ میٹرو اسٹیشن کے پارکنگ ایریا سے دہلی میں 11 الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنوں کا افتتاح کیا۔Kejriwal launches 11 EV charging stations
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دہلی نے آج پوری دنیا کو سب سے زیادہ لاگت والا ماڈل دیا ہے۔ یہاں چارجنگ پر ای گاڑی چلانا بہت سستا ہوگا۔ یہاں ٹو وہیلر ای وی کے ایندھن کے طور پر کھپت 7 پیسے، تھری وہیلر پر 8 پیسے اور کار پر 33 پیسے فی کلومیٹر ہوگی۔ ان 11 چارجنگ اسٹیشنز میں 73 چارجنگ پوائنٹس اور 12 سویپنگ اسٹیشنز ہیں جہاں 3 روپے فی یونٹ کی شرح سے چارجنگ چارجز وصول کیے جائیں گے۔ اگلے دو ماہ میں دہلی میں 100 ای چارجنگ اسٹیشن ہوں گے جن میں 900 چارجنگ پوائنٹس اور 103 سویپنگ اسٹیشن ہوں گے۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ای وی پالیسی کے تحت ہم نے سال 2024 تک دہلی میں خریدی گئی کل موٹر گاڑیوں میں سے 25 فیصد الیکٹرک گاڑیوں کا ہدف مقرر کیا ہے اور دو برسوں میں ہم نے 10 فیصد ہدف حاصل کیا ہے۔ ہم نے چارجنگ اسٹیشنوں کی تنصیب کو زیادہ اہمیت دی ہے، جس نے ای وی کو فروغ دینے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں دہلی میں 70 ہزار ای گاڑیاں خریدی گئی ہیں اور دہلی نے اس معاملے میں نیویارک اور کیلیفورنیا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس موقع پر دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ڈی سی ) کے وائس چیئرمین جاسمین شاہ،مقامی ایم ایل اے پروین کمار کے علاوہ سینئر عہدیدار موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ اگست 2020 میں جب ہم دہلی کی الیکٹرک وہیکل پالیسی لے کر آئے تھے تو ہمیں امید نہیں تھی کہ یہ اتنی تیزی سے آگے بڑھے گی۔ اس وقت، ہم نے ہدف مقرر کیا تھا کہ 2024 میں دہلی میں نئی گاڑیوں کی تعداد کا کم از کم 25 فیصد خریدا جائے۔ی وی پالیسی کو شروع ہوئے دو سال ہو چکے ہیں۔ آج دہلی میں خریدی جانے والی تقریباً 10 فیصد گاڑیاں الیکٹرک گاڑیاں ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں دہلی میں الیکٹرک گاڑیوں کے میدان میں زبردست ترقی ہوئی ہے۔ پچھلے دو برسوں میں تقریباً 70,000 الیکٹرک گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔ جس رفتار سے دہلی کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے وہ دنیا کے کسی اور شہر میں نہیں دیکھا گیا۔