نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں عوامی مقامات پر گنیش چترتھی کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ پابندی دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے کووڈ- 19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عائد کی ہے۔
گزشتہ روز ڈی ڈی ایم اے نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ 'گنیش چترتھی مہوتسو اس ماہ منایا جائے گا۔ کووڈ- 19 کے تناظر میں موجودہ پابندیوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر گنیش چترتھی کی تقریبات منعقد نہ ہونے دیں۔ لوگ اپنے عقیدے کے مطابق گھروں میں ہی مورتی نصب کریں۔'
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دہلی کے تمام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ کمشنر آف پولیس اور متعلقہ افسران کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ گنیش کی کوئی بھی مورتی خیموں، پنڈالوں یا عوامی مقامات پر نصب نہیں کی جائے گی۔