دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے مسافروں کی سہولیات کے لئے مختلف اسٹیشنوں پر مزید 12 اسکلیٹرلگائے ہیں۔
در اصل عالمی کورونا وبا کے سلسلے میں جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے پیش نظر میٹرو ٹرین سے سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایسے میں مسافروں کو دوران سفر راحت دینے کے مقصد سے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن(ڈی ایم آر سی) نے دہلی اور نوئیڈا کے 7 میٹرو اسٹیشنوں پر اسکلیٹرسلگائے ہیں۔
واضح رہے کہ جن میٹرو اسٹیشنوں پر نئے اسکلیٹرلگائے گئے ہیں ان میں دلشادگارڈن، سیلم پور، کشمیری گیٹ، اشوک پارک، نیتا جی سبھاش پلیس، لکشمی نگر اور نوئیڈا سیکٹر 15 کے میٹرو اسٹیشن شامل ہیں۔
دہلی میٹرو سے سفر کرنے والے مسافروں کے سفر کے طور طریقے کو بھی ڈی ایم آر سی بدلنے جارہی ہے۔ اس سے جہاں مسافروں کا وقت بچے گا وہیں دوسری جانب ایک ہی اسمارٹ کارڈ سے مسافر سفر کرنے کے ساتھ ہی خریداری بھی کرسکیں گے۔
اس کے لئے ڈی ایم آر سی جلد ہی نیشنل کامن موبیلٹی کارڈ لانچ کرنے جارہی ہے۔ اس کے تحت تمام کوریڈور کے میٹرو اسٹیشنوں کے آٹومیٹ فیئر کلیکشن(اے ایف سی) گیٹ بدلے جائیں گے۔ اس کے لیے ڈی ایم آر سی نے عملی اقدام اٹھایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پروجیکٹ پر تقریباً 411 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔
اس کا فائدہ ڈی ایم آر سی کے ساتھ ساتھ دہلی میٹرو کے لاکھوں مسافروں کو بھی ملے گا۔ اے ایف سی گیٹ دہلی میٹرو کے سبھی گیٹ پر لگائے گئے ہیں.