نئی دہلی: منشیات کی لت کو ملک کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اس کے خلاف متحد ہو کر لڑنے کی اپیل کی ہے۔ وہ 12 ستمبر 2022 کو نئی دہلی میں سماجی انصاف اور تفوییض اختیار کی وزارت کے زیر اہتمام ایک تقریب ’این سی سی کیڈٹس کے ساتھ بات چیت اور منشیات کے استعمال کے خلاف عہد‘ کے موقع پر نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹس اور نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔ Rajnath Singh appeals to youth
ریاستی ڈائریکٹوریٹ اور ملک کے مختلف حصوں سے نوجوان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس تقریب میں شامل ہوئے۔ جناب راجناتھ سنگھ نے کہا 'بھارت دنیا کی سپر پاور بننے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ لیکن، کچھ حدود ہیں جو ہمیں اپنی حقیقی صلاحیت کو حاصل کرنے سے روک رہی ہیں۔ منشیات کی لت ایسی ہی ایک حد ہے۔ تمام خوبیوں کے حامل ہونے کے باوجود ہمارا ملک ابھی تک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا نہیں ہو سکا ہے کیونکہ یہاں بہت سے لوگ بالخصوص نوجوان منشیات کی زد میں ہیں۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ وہ قوم کی بنیاد ہیں۔ اگر ان کا حال نشہ میں ہے تو ان کے مستقبل کا آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ہمیں منشیات کے خلاف جنگ لڑنے کی ضرورت ہے جیسا کہ ہم نے اپنی آزادی کے لیے کیا تھا۔
منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں مزید وضاحت کرتے ہوئے، وزیر دفاع نے کہا کہ یہ نہ صرف معاشرے میں امن و امان کی برقراری کو بری طرح متاثر کرتا ہے، بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بہت سی بین الاقوامی تنظیمیں تسلیم کرتی ہیں کہ منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گرد تنظیموں کی مدد کے لیے استعمال ہوتی ہے، جس سے بہت سے ممالک کے دفاع اور سلامتی کو خطرہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ مل کر کام کرنے اور معاشرے کے تمام طبقات سے اس لعنت سے چھٹکارا پانے کی فوری ضرورت ہے۔ وزیر دفاع نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سماج کے تمام طبقوں کی مشترکہ کوششوں سے ملک ’امرت کال‘ میں منشیات کی لعنت سے آزاد ہو جائے گا۔