نوئیڈا:گریٹر نوئیڈا کے بسرخ تھانہ علاقے کے تحت جمعہ (15 ستمبر) کو پیش آئے لفٹ حادثے میں مزید چار زخمیوں کی موت ہو گئی جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 8 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسپتال میں داخل ایک اور زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ جمعہ کو ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب گریٹر نوئیڈا ویسٹ کی امرپالی ڈریم ویلی سوسائٹیکی زیر تعمیر عمارت سے مسافر لفٹ گر گئی۔ عمارت کی لفٹ اچانک ٹوٹ گئی۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت لفٹ میں نو افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں 4 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ 5 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے چار لوگوں کی ہفتے کے روز علاج کے دوران موت ہو گئی۔ ایک شدید زخمی مزدور اب بھی زیر علاج ہے۔
معاوضہ کا اعلان:
گریٹر نوئیڈا ویسٹ میں واقع زیر تعمیر امرپالی ڈریم ویلی سوسائٹی میں لفٹ گرنے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ کو فی کس 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ اس میں سے 20 لاکھ روپے این بی سی سی اور 5 لاکھ روپے کورٹ ریسیور دے گا۔اس کے علاوہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے علاج کا سارا خرچ این بی سی سی برداشت کرے گا۔