جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے جمعہ کے روز کورونا وائرس کے حوالے سے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 اب پبلک ہیلتھ ایمرجنسی نہیں ہے۔ بتا دیں کہ اس وبا کی وجہ سے ایک وقت میں دنیا کے مختلف ممالک میں 'لاک ڈاؤن' نافذ تھا، جس کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشتیں متاثر ہوئیں اور کم از کم 70 لاکھ افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جنوب مشرقی ایشیا اور مغربی ایشیا میں انفیکشن کے معاملات میں حالیہ اضافے کے تناظر میں،ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اگرچہ ہنگامی مرحلہ ختم ہو گیا ہے، وبائی بیماری ختم نہیں ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے دنیا بھر میں ہزاروں افراد اب بھی اس انفیکشن سے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا کہ میں بڑی امید کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ کووڈ -19 عالمی صحت کی ہنگامی صورتحال سے گزر چکا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کووڈ-19 عالمی صحت کے خطرے کے طور پر ختم ہو گیا ہے۔ بتا دیں کہ جب 30 جنوری 2020 کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے پہلی بار کورونا وائرس کو بین الاقوامی ایمرجنسی قرار دیا تھا تو اس وقت کووڈ-19 کا نام نہیں دیا گیاتھا اور نہ ہی چین سے باہر وسیع پیمانے پر یہ وبا پھیلی تھی۔