قومی دارالحکومت دہلی میں سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے دسویں اور بارہویں کے بقیہ امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن سپریم کورٹ جمعہ کو یعنی آج مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ سنائے گا۔
سی بی ایس ای بورڈ امتحانات کو منسوخ کرنے کے تعلق سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جاسکا اور سپریم کورٹ نے سماعت آج صبح ساڑھے دس بجے تک کے لیے ملتوی کرتے ہوئے حکومت کو متبادل امتحانات اور امتحانات کے نتائج سے متعلق مختلف پہلوؤں پر وضاحت پیش کرنے کو کہا ہے۔
جسٹس اے ایم خان ویلکر، جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس سنجیو کھنہ پر مشتمل بینچ نے کہا کہ حکومت جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے حتمی سماعت سے قبل ترمیم شدہ نوٹیفکیشن کا مسودہ پیش کرے گی۔
وزارت برائے فروغ انسانی وسائل اور سی بی ایس ای کی جانب پیش ہو رہے سالیسیٹر جنرل توشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ شمال مشرقی دہلی میں تشدد کی وجہ سے منسوخ ہوئے دسویں کے امتحانات اور کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ ہوئے 12 ویں کے امتحانات یکم جولائی سے 15 جولائی تک منعقد ہونے تھے، لیکن حکومت نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ امتحانات کے لیے سکول خالی نہیں ہیں اور وبائی صورتحال بھی خوفناک ہے۔