نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ 'کورونا کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ، معیشت کو بھی مستحکم بنانا ہے اور اسی تسلسل میں لاک ڈاؤن سے زیادہ ’ان لاک‘ میں احتیاط برتنا ضروری ہے۔
مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا،”کورونا کے بحران کے دوران، ملک لاک ڈاؤن سے باہر آگیا ہے۔ اب ہم ا’ن لاک‘ کے دور میں ہیں۔ ان لاک کے اس وقت میں، دو چیزوں کا خیال رکھنا ہوگا - کورونا کو شکست دینا اور معیشت کو مضبوط بنانا۔ ہمیں لاک ڈاؤن سے زیادہ چوکس رہنا ہوگا۔ آپ کا ہوشیار ہونا آپ کو کورونا سے بچائے گا۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ اگر آپ ماسک نہیں پہنتے، دو گز کی دوری پر عمل نہیں کرتے ہیں، یا دیگر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے ہیں تو آپ اپنے آپ کو اور دوسروں کو بھی خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔ خاص طور پر گھر کے بچوں اور بزرگوں کو، لہذا، میں تمام ملک کے باشندوں سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ غفلت میں نہ رہیں، اپنا اور دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔“