نئی دہلی: ملک میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 14 ریاستوں میں کورونا وائرس وبا کے 44 فعال معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فعال مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 3653 ہو گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے ہفتہ کو کہا کہ صبح 7 بجے تک 220.10 کروڑ سے زیادہ ویکسین دی گئی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 226 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 179 افراد اس انفیکشن سے نجات حاصل کرچکے ہیں، جس کے بعد اس وبا سے نجات پانے والوں کی کل تعداد 4,41,44,029 ہو گئی ہے۔ ملک میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ صحت یابی کی شرح 98.80 فیصد ہے۔ Increase in active cases of corona in India
راحت کی بات ہے کہ اس عرصے کے دوران ملک میں اس وبا سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔ یومیہ انفیکشن کی شرح 0.12 فیصد ہے اور فعال کیسز کی شرح 0.01 فیصد ہے۔ کیرالہ میں 37 فعال معاملوں کے اضافے کے ساتھ ہی ایکٹو کیسز کی تعداد بڑھ کر 1,429 ہوگئی ہے۔ کورونا وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 67,55,401 ہو گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 71,555 ہے۔ کرناٹک میں کورونا انفیکشن کے 17 فعال معاملات کے اضافے کے ساتھ، کل تعداد بڑھ کر 1,324 ہوگئی ہے۔ اس سے چھٹکارا پانے والوں کی کل تعداد 40,30,363 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 40,307 پر مستحکم ہے۔ مہاراشٹر میں چار فعال کیسز بڑھ کر 172 ہو گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران 14 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اس سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد 79,88,044 ہو گئی ہے۔ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد 1,48,417 ہے۔ تمل ناڈو میں کورونا انفیکشن کے چھ ایکٹو کیسز میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے اب ایکٹو کیسز کی تعداد بڑھ کر 74 ہو گئی ہے۔ اس بیماری سے چھٹکارا پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 35,56,292 ہوگئی ہے۔ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد 38,049 پر برقرارہے۔