دراصل انگریزی کتاب اللہ اکبر میں مغل بادشاہ اکبر کا موازنہ اللہ رب العزت سے کیے جانے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے، جس پر مسلم سحر فاؤنڈیشن نے سخت اعتراض کرتے ہوئے قومی اقلیتی کمیشن میں اس کتاب کے خلاف شکایت کی ہے۔
اس شکایت میں کتاب کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ہے۔ سحر فاؤنڈیشن کے صدر مسرور حسن صدیقی نے کہا کہ، 'چند ماہ قبل ایک انگریزی کتاب اللہ اکبر کے عنوان سے منظر عام پر آئی۔ اس کتاب کی مصنف ٹائمز آف انڈیا کی ڈپٹی ایڈیٹر منی مگدھا ایس شرما ہیں اور ناشر بلومز بری پبلشنگ انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ ہے۔
کتاب کے سرورق پر اکبر بادشاہ کے دربار کی ایک پینٹنگ کے ساتھ نمایاں حروف میں اللہ اکبر اور پھر ساتھ ہی میں انڈرسٹینڈنگ دی گریٹ مغل ان ٹوڈیز انڈیا رکھا گیا ہے۔'
جب مسلم سحر فاؤنڈیشن کے صدر مسرور حسن صدیقی نے اس کتاب کے بارے میں فیس بک پر مصنف کی پوسٹ دیکھی تو کتاب کے بارے میں تحقیق کی جس میں یہ بات نمایاں ہوئی کی یہ کوئی دینی موضوع پر مبنی کتاب نہیں بلکہ مغلیہ دور سلطنت سے متعلق واقعات پر لکھی گئی کتاب ہے۔