نئی دہلی: کانگریس نے آج آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ایک وسیع منصوبہ تیار کرنے اور دیگر امو پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ کانگریس کو شمالی ہند کی تین بڑی ریاستوں چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بی جے پی کے ہاتھوں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع نے بتایا کہ کانگریس 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل اپنی انتخابی مہم کے لیے میدان میں اترنے کے لیے ایک وسیع منصوبہ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس اجلاس میں پارٹی کے سرکردہ قائدین بشمول قومی صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور دیگر قائدین کی بڑی تعداد نشستوں کی تقسیم اور انتخابی مہم کی حکمت عملی پر غور و فکر کریں گے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ایک رکن طارق انور نے کہا کہ اس اجلاس میں کانگریس کے سربراہ ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر پارٹی کے اراکین کو اعتماد میں لیں گے"۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا یہ اجلاس 19 دسمبر کو اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' بلاک کے اجلاس کے دو دن بعد منعقد ہورہا ہے۔ اجلاس میں 2024 سے پہلے راہل گاندھی کی یاترا پر بھی تبادلہ خیال کا امکان ہے۔
ایک اور ممبر غلام احمد میر کے مطابق "کانگریس کے سربراہ ممکنہ طور پر کانگریس ورکنگ کمیٹی کو حالیہ پانچ اسمبلی انتخابات کے بارے میں بریفنگ دیں گے، جن میں سے چار ریاستوں میں کانگریس کو شکست ہوئی ہے۔ اگرچہ پارٹی سربراہ نے متعلقہ ٹیموں کے ساتھ چار ریاستوں میں انتخابی نقصانات کا جائزہ لیا ہے، لیکن وہ پارٹی باڈی کو انتخابی نتائج سے آگاہ کریں گے۔ غلام احمد میر نے کہا کہ "جب کہ ریاستی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاہم 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تیاری، انڈیا اتحاد اور آگے کی بڑی لڑائی کے لیے ایکشن پلان پر ہونے کا امکان ہے"۔