نئی دہلی: دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس میں ملک گیر ذات پات کی مردم شماری اور انتخابی حکمت عملی پر بات چیت ہونے کا قوی امکان ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کے سابق سربراہان سونیا گاندھی اور راہل گاندھی، کانگریس کے زیر اقتدار تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پارٹی کے اعلیٰ افسران انتخابی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کریں گے، اس کے علاوہ انتخابات سے متعلق وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔ اس اجلاس میں ملک گیر ذات پات کی مردم شماری اور اس کے مضمرات پر پارٹی بات چیت کرے گی۔
ذات پات کی مردم شماری کے مطالبے کے ضمن میں کانگریس کے اندر تشویش پائی جاتی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں اپوزیشن پارٹی پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے دباؤ ڈال کر ہندوؤں کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کانگریس کے ترجمان اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ابھیشیک سنگھوی نے حال ہی میں راہل گاندھی کے "جتنی آبادی، اُتنا حق" (آبادی کے تناسب سے حقوق) کے نعرے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اگرچہ سنگھوی نے ایکس پر اپنی متنازعہ پوسٹ کو فوری طور پر ہٹادیا۔ تاہم پارٹی کے کچھ رہنماوں میں ذات پات کی مردم شماری کے تئیں سیاسی طور پر خدشات برقرار ہیں۔