کانگریس نے کسان تنظیموں کے جانب سے ہفتہ کے روز منعقدہ چکاجام کی حمایت کی ہے، اور کہا ہے کہ پارٹی کارکنان چکا جام کے دوران کسانوں کے ساتھ کندھا سے کندھا ملاکر کام کریں گے اور حکومت سے تینو زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کریں گے۔
کانگریس سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ 'پارٹی کسان تنظیموں کی جانب سے کل چھ فروری کو قومی اور ریاستی شاہراہ پر دوپہر 12 سے تین بجے تک تین گھنٹے کے اعلان کردہ ملک گیر چکاجام کی حمایت کرے گی۔
پارٹی کارکنان کسانوں کے ساتھ اپنے عزم کو پورا کرتے ہوئے انہیں اپنا مکمل تعاون دیں گے۔
انہوں نے کانگریس کارکنان سے کہا کہ 'ایمبولینس، اسکول بس، بزرگوں، مریضوں اور خواتین و بچوں کو اس علامتی بند سے کوئی پریشانی نہ ہو،' اس کا بھی پورا خیال رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:
کے سی وینوگوپال کا کہنا تھا کہ کسان گزشتہ 73 دن سے تینوں زرعی قوانین کے خلاف ایک ملک گیر تحریک کررہے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں دہلی کے سرحدوں پر پرامن اور گاندھی وادی طریقے سے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ تحریک کسانوں کی کھیتی بچانے کے ساتھ عوامی تقسیم کے نظام کوبچانے کا بھی ہے جس میں ملک کا غریب کھیتی کا مزدور، ایس سی ایس ٹی اور پسماندہ طبقہ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے۔
اقتدار کے نشے میں چور مودی حکومت اس تحریک کو بدنام کرنے اور تحریک کرنے والوں کو تنگ کرنے کے لئے روزانہ نئے ہتھکنڈے اختیارکررہی ہے۔