نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے نے پیر کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کے رول سے متعلق دو الگ الگ میٹنگ کیں۔ یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ پارلیمنٹ اجلاس کے سلسلے میں آج دو میٹنگیں ہوئیں۔ پہلی میٹنگ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی صدارت میں ہوئی جس میں کانگریس صدر اور پارٹی ممبران پارلیمنٹ موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری میٹنگ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے کی صدارت میں ہوئی جس میں اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے ایوان قائدین کی میٹنگ ہوئی جس میں پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ ان میٹنگوں میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ سیشن میں کن کن مسائل پر بات ہونی چاہئے۔
کانگریس کی جانب سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال پر پارلیمنٹ میں بحث کی جائے جس میں بے روزگاری، مہنگائی اور بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات جیسے مسائل شامل ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم ملک کی سرحدوں، ماحولیاتی توازن اور منی پور پر بھی بحث کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اسے منظور کر لے گی اور ان مسائل پر دونوں ایوانوں میں بحث کی جائے گی۔