نئی دہلی: کانگریس نے اقتدار میں نو سال مکمل ہونے پر مودی حکومت سے جمعہ کو نو سوال پوچھے اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو خاموشی توڑکر ان سوالوں کا جواب دینا چاہئے۔ کانگریس کمیونیکیشن محکمہ کے انچارج جے رام رمیش، محکمہ کے سربراہ پون کھیڑا اور ترجمان سپریہ شری نیٹ نے آج یہاں پارٹی ہیڈ کواٹر میں نو سوالوں کے سلسلے میں ایک کتابچہ جاری کیا اور کہا کہ کانگریسی لیڈر راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران اور بعد میں مسلسل یہ سوال اٹھائے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے آج تک کسی سوال کا جواب نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آج وزیر اعظم نریندر مودی سے نو سوال پوچھ رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان تمام سوالوں پر مودی اپنی خاموشی توڑ کر ان سوالوں کے جواب دیں۔ کانگریسی لیڈروں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے نو سال میں پرانی اسکیموں کو نیا نام دے کر پیش کیا اور وزیر اعظم نے تشہیری کردار ادا کیا۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح سے پہلے کی 'ایل پی جی گرامین وترن یوجنا' کو 'اجولا' نام دیا گیا۔ اسی طرح دیگر کئی پرانی اسکیموں کو نیا نام دینے میں گزشتہ سال میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔