نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اتوار کو بیروزگاری کے مسئلہ پر مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "بے روزگاری ملک میں سب سے زیادہ بڑا اور اہم مسئلہ ہے۔ جولائی 2022 تا جون 2023 کے درمیان پندرہ سے انتیس سال کی عمر کے افراد کی بے روزگاری کی شرح 10 فیصد ہے، جبکہ "دیہی ہندوستان میں 8.3 فیصد اور شہری ہندوستان میں 13.8 فیصد" ہے۔
کانگریس صدر کھرگے نے کہا کہ ملک کے نوجوان پوچھ رہے ہیں کہ ہر سال دو کروڑ نوکریاں کہاں جاتی ہیں، بھرتی کے امتحانات سے لے کر نوکری حاصل کرنے تک کا سفر اتنا پیچیدہ کیوں ہو گیا ہے اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کیوں برباد ہو گیا، کروڑوں نوجوانوں کی نوکریاں چھین لی گئیں ہیں، ان کے تباہ شدہ مستقبل کا کیا ہوگا؟"۔