پرہلاد جوشی نے کہا کہ 'مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی، کانگریس اور دیگر اپوزیشن لیڈر سی اے اے سے متعلق جھوٹی باتیں پھیلا رہے ہیں اور ملک کے مسلمانوں میں خوف کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔'
'سی اے اے سے متعلق حزب اختلاف افواہ پھیلا رہا ہے' - Congress, others spreading falsehood on CAA: Prahlad Joshi
کوئلہ اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ 'شہریت ترمیمی ایکٹ سے مسلم اقلیتوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں لوگوں کو گمراہ کرکے اس بارے میں افواہیں پھیلا رہی ہیں۔'
انہوں نے دعوی کیا کہ ممتا بنرجی نے اس معاملے پر اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کرکے ملک میں جمہوریت کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ رویہ کچھ نہیں بلکہ ملک مخالف اور جمہوریت کے منافی ہے۔ انہوں نے سی اے اے کی مخالفت کرنے والوں کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر بحث کے لئے اسٹیج پر آگے آئیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی ذات، عقیدہ اور مذہب سے تعلق رکھنے والے ہندوستانیوں کو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پارلیمانی وزیر نے بتایا کہ اس معاملے کو سمجھانے کے لئے وہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’سی اے اے کے معاملے پر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر وزیراعظم نریندر مودی سے سیاسی بغض رکھتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں’’۔ پارلیمانی وزیر نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکزی حکومت نے مختلف ممالک سے آئے ہندوستان میں رہنے کے خواہش مند 550 سے زائد مسلمانوں کو ہندوستان کی شہریت دی۔